Today's Columns Zeeshan Rasheed Rashdi

افواج ِپاکستان ہمارا فخر، ہماری محافظ از ذیشان رشید راشدی ( افکار راشدی )

Zeeshan Rasheed Rashdi

افواجِ پاکستان اللہ تبارک و تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہیں ۔ایسی افواج کہ جن کا ماٹو ایمان ، تقوٰی اور جہاد فی سبیل اللہ ہے ۔ جو وطن کے دفاع اور سالمیت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں ۔ جن کی عیدیں وطن کے دفاع کے لیے سرحدوں پر گزرتی ہیں ۔ عید کے موقع پر ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے اپنے گھر والوں کے ساتھ عید گزارتے ہیں ۔ افواج پاکستان کے جری جوانوں کو سلام ہے جو ہماری حفاظت کے لیے اپنی عیدوں کو قربان کرتے ہیں اور سرحدوں پر پہرہ دیتے ہیں ۔ سلام ہے ان بہادر جوانوں کو جو جان ہتھیلی پر رکھے وطن کی حفاظت کے لیے دشمن کے مقابل سینہ تان کر کھڑے ہیں ۔ جو سینے پر گولی تو کھاتے ہیں لیکن پیٹھ نہیں پھیرتے ۔ جذبہ شہادت سے سرشار یہ وطن کے جانثار شہادت کو اعزاز سمجھتے ہوئے قبول کرتے ہیں ۔ یہ ہمارے ملک کی فضاؤں ، پانیوں اور زمینوں کے محافظ جوان ہیں ۔ خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان ماؤں کو جنہوں نے ان بہادر بیٹوں کو جنم دیا اور ملک پاکستان کے دفاع کے لیے میدان عمل میں پیش کیا ۔ انہی وطن کے بیٹوں کی وجہ سے ملک میں امن و امان قائم ہے ۔ افواج پاکستان ہمارے ملک کے بقا ، سالمیت اور استحکام کی ضامن ہیں ۔ یہی افواج ہیں جنہوں نے دشمن کو عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔ ملک پاکستان کو دہشت گردی کی نحوست سے پاک کیا ۔ ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ کیا ۔ وطن کے دفاع کے لیے قوت و طاقت کو مستحکم کیا ۔
لیکن کچھ لوگ ان محافظوں کے خلاف پروپیگنڈے کرتے ہیں ان کو برا بھلا کہتے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر طوفانِ بدتمیزی بپا کرتے ہیں ۔ عوامی جلسوں میں لوگوں کو افواج پاکستان کے خلاف ابھارتے ہیں ۔ ہر بات کا ذمہ دار افواج کو ٹھہراتے ہیں ۔ ایک بات کر دینا چاہتا ہوں کسی فردِ واحد کی غلطی کسی ادارے کی غلطی نہیں ہوتی ۔ بشری تقاضوں سے لغزشیں ہو بھی جاتی ہیں ۔ کوئی جرنل ، کرنل یا کوئی بھی افسر غلطی کرتا ہے یا غلط فیصلے کرتا ہے تو یہ افواجِ پاکستان کی غلطی تو نہیں ۔ یہ اس کا ذاتی فعل ہے جس پر اس کا استحساب ہونا چاہیے ۔
عزیز پاکستانیو! خدارا افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی قدر کریں ۔ ان کے خلاف دشمن کے پروپیگنڈوں کا بھرپور جواب دیں ۔ سوشل میڈیا پر اور ہر پلیٹ فارم پر اپنی افواج کا بھرپور دفاع کریں ۔ اللہ ملک پاکستان کا حامی و ناصر ہو اور افواج پاکستان کی حفاظت فرمائے ۔ آمین

٭…٭…٭

About the author

Zeeshan Rasheed Rashdi

Zeeshan Rasheed Rashdi

Leave a Comment

%d bloggers like this: